ٹھٹھہ : کیٹی بندرکے قریب کشتی الٹ گئی، کشتی میں 16ماہی گیرسوارتھے، جس میں سے 8 کو بچالیا گیا جبکہ 8 لاپتہ ہے ، جن کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق فشرفوک فورم کے ترجمان کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ ٹھٹھہ میں طوفانی ہواؤں کے باعث کیٹی بندر کے قریب کشتی الٹ گئی، کشتی میں 16ماہی گیرسوار تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ 8ماہی گیر جان بچانےمیں کامیاب ہوگئے جبکہ 8 کی تلاش جاری ہے پاک بحریہ کی ٹیمیں لاپتہ ماہی گیروں کی تلاش میں روانہ ہوگئی ہے جبکہ بچ جانے والے ماہی گیروں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کیٹی بندر میں کشتیاں گم ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر حیدرآباد اور فشریز ڈپارٹمنٹ کومدد کی ہدایت کردی ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایڈمنسٹریٹر اور پولیس مل کر ماہی گیروں کو تلاش کر کے واپس لائیں، سندھ حکومت ماہی گیروں کو ڈھونڈنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی، کشتیوں کوسمندر میں جانے کی کس نے اجازت دی، رپورٹ دی جائے۔
دوسری جانب میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے تیز ہواؤں اور طغیانی سےبچاؤ کے لیے مشن ایس اےآر کا آغاز کردیا ہے ،ترجمان نے بتایا بحری یونٹس کی بڑی تعدادساحلی پٹی کےساتھ مشن میں مصروف ہیں۔
پی ایم ایس اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کشتیوں کومحفوظ مقامات تک پہنچنے میں رہنمائی اورمدد فراہم کی جا رہی ہے، سربندرکےقریب گوادر میں آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق تیزسمندری لہروں میں پھنسی ماہی گیر کی کشتی اور7 ماہی گیروں کوبچالیا گیا ہے۔