کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں سات سالہ بچہ مبینہ طور پر اسکول کی چھت سے گر کر جاں بحق ہوگیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق لانڈھی عبداللہ گوٹھ کے اسکول سےبچےکی لاش ملی ہے، جس کی شناخت سات سالہ ساحل افتخار کے نام سے کی گئی ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر بچہ اسکول کی چھت سے گر کر جاں بحق ہوا ہے، واقعے کے بعد بچے کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور مزید زاویوں سے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے سعید آباد میں پولیس نے موٹر سائیکل چوری کرنے کے جرم میں ملوث8سالہ کمسن بچے اور اس کے باپ کو گرفتار کرلیا تھا، ملزم واردات کیلئے بچے کو ساتھ لے کر جاتا تھا۔
پولیس حکام نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ8سال کا کمسن بچہ باپ کے ساتھ بائیک چوری کی متعدد وارداتیں کرچکا ہے، ملزم اس سے قبل بھی بائیک چوری کرنے کیلئے اپنے بیٹے کو ساتھ لے کر جاتا تھا۔
بچے نے پولیس کو بیان دیا کہ یہاں سے ایک بائیک چوری کرکے لے جارہے تھے کہ لوگوں نے پکڑ لیا، بچے کے باپ نے اپنے بیان میں کہا کہ بیٹے کو موٹرسائیکل پر بیٹھا دیکھ کر پولیس اہلکار روکتے نہیں تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم اب تک 30سے زائد موٹرسائیکلیں چوری کرچکا ہے، ملزم چوری کرنے سے پہلے بیٹے کو موٹرسائیکل پربٹھا دیتا تھا، ملزم نعیم کے قبضے سے30موٹرسائیکلوں کے پرزے برآمد کرلئے گئے۔