چشتیاں: ایک سال قبل اغوا ہونے والی خاتون کی لاش اپنے ہی گھر کے صحن سے برآمد کرلی گئی ، شوہر نے دوسری شادی کیلئے بیوی کے اغوا کا ڈرامہ رچایا تھا۔
تفصیلات کے مطابق چشتیاں میں ایک سال قبل مبینہ طور پر اغوا ہونے والی خاتون کی لاش اس کے اپنے ہی گھر کے صحن سے برآمد کر لی گئی ہے۔
پولیس نے سفاک قاتل شوہر کو گرفتار کر کے قتل کا ڈراپ سین کر دیا اور بتایا کہ ملزم نے دوسری شادی کی راہ ہموار کرنے کے لیے اپنی پہلی بیوی کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نے نہ صرف اپنی بیوی کو انتہائی بے دردی سے قتل کیا بلکہ قانون کو گمراہ کرنے کے لیے اس کے اغوا کا جھوٹا ڈرامہ بھی رچایا، تاکہ کسی کو اس پر شک نہ ہو۔
پولیس تحقیقات میں یہ سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ، جس میں بتایا گیا کہ ملزم نے ایک سال قبل ہی اپنی بیوی کو قتل کر دیا تھا اور جرم چھپانے کے لیے لاش کو اپنے ہی گھر کے صحن میں گڑھا کھود کر دبا دیا تھا۔
پولیس نے جدید خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے شک گزرنے پر گھر کے صحن کی کھدائی کروائی، جہاں سے مقتولہ کی لاش برآمد ہوئی۔
ترجمان پولیس کے مطابق چشتیاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے شوہر کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم نے تفتیش کے دوران اعترافِ جرم کر لیا ہے۔
جس کے بعد اس کے خلاف قتل اور شواہد مٹانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔


