ممبئی(12 اپریل 2026): بھارتی موسیقی کی تاریخ کی مقبول ترین آوازوں میں سے ایک، معروف بھارتی پلے بیک گلوکارہ آشا بھوسلے ممبئی میں 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 8 دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط شاندار کیریئر رکھنے والی 92 سالہ لیجنڈری گلوکارہ کو مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے کے بعد ہفتے کے روز بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
مہاراشٹرا کے وزیر ثقافت آشیش شیلر نے اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس خبر کی تصدیق کی۔ اس موقع پر اسپتال کے ڈاکٹر پرتیت صمدانی بھی موجود تھے جنہوں نے بتایا کہ آشا بھوسلے نے آج بریچ کینڈی اسپتال میں آخری سانس لی، ان کی موت جسم کے ملٹی آرگن فیلر کے باعث ہوئی۔
ان کے صاحبزادے آنند بھوسلے نے میڈیا کو بتایا کہ میری والدہ آشا بھوسلے آج رخصت ہو گئی ہیں۔ کل صبح 11 بجے ان کی رہائش گاہ پر لوگ آخری دیدار کر سکیں گے جبکہ ان کی آخری رسومات کل شام 4 بجے ادا کی جائیں گی۔
آشا بھوسلے کو ہفتے کی شام شدید تھکن اور سینے میں انفیکشن کی وجہ سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ان کی پوتی زنائی بھوسلے نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں ان کی اسپتال میں موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے مداحوں سے پرائیویسی کا احترام کرنے کی درخواست کی تھی۔ اس سے قبل اسپتال کے ذرائع نے بتایا تھا کہ انہیں دل کا دورہ پڑنے کے بعد ایمرجنسی وارڈ میں رکھا گیا ہے۔
بھارتی سنیما کی لیجنڈری آواز
آشا بھوسلے نے اپنے موسیقی کے سفر کا آغاز 1943 میں کیا اور وہ بھارتی سنیما کی سب سے زیادہ ورسٹائل پلے بیک گلوکارہ بن کر ابھریں۔ انہوں نے متعدد بھارتی زبانوں میں ہزاروں گانے ریکارڈ کروائے اور فلمی موسیقی، نجی البمز اور لائیو پرفارمنس کے ذریعے دنیا بھر میں اپنی پہچان بنائی۔
اعزازات اور عالمی شناخت
موسیقی میں ان کی گراں قدر خدمات پر انہیں 2008 میں پدم وبھوشن اور بھارتی فلم انڈسٹری کے سب سے بڑے اعزاز ‘دادا صاحب پھالکے ایوارڈ’ سے نوازا گیا۔ 2011 میں گنیز ورلڈ ریکارڈز نے انہیں موسیقی کی تاریخ میں سب سے زیادہ گانے ریکارڈ کروانے والی فنکارہ کے طور پر تسلیم کیا۔
لازوال وراثت
آشا بھوسلے کی غیر معمولی فنکارانہ صلاحیتوں اور آواز کے جادو نے انہیں بھارتی گلوکاری کی بااثر ترین شخصیات میں شامل کیا۔ وہ اپنے پیچھے ایک ایسی لازوال وراثت چھوڑ گئی ہیں جس نے موسیقی سے محبت کرنے والی کئی نسلوں کی تربیت کی۔
Mumbai, Maharashtra: Son of Asha Bhosle, Anand Bhosle says, “My mother Asha Bhosle has passed away today. Tomorrow at 11 AM, people can pay their last respects at her residence…” https://t.co/Tm6QCm9Cny pic.twitter.com/GnqlSEdcsz
— IANS (@ians_india) April 12, 2026
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


