بنوں : تھانہ بسیہ خیل کی حدود میں بم نصب کرنے دوران دہشت گرد خود دھماکے میں ہلاک ہوگیا ، دہشت گرد دوا غاڑہ پل پرآئی ای ڈی نصب کر رہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق بنوں کے علاقے سورانی میں ڈوگھوڈا پل کے قریب دھماکے کے نتیجے میں دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔
ڈی آئی جی کا کہنا ہے دہشت گرد، دوا غاڑہ پل پر آئی ای ڈی نصب کر رہا تھا اور نصب کرتے وقت دھماکا ہوا، جس سے وہ خودنشانہ بن گیا، آٹھ سے دس کلو کلوبارودی موادپولیس کیلئےنصب کیا جارہا تھا، جو پولیس کے ایک ہدف پر لگائی جانی تھی، لیکن دھماکہ قبل از وقت ہو گیا۔
ڈی آئی جی بنوں سجاد خان نے بتایا کہ دھماکے میں صرف حملہ آور ہلاک ہوا اور کسی اور کے زخمی یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
پولیس اہلکاروں کا کہنا تھا کہ یہ ایک خودکش حملے کی کوشش بھی ہو سکتی ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں کہ آیا حملہ آور سیکیورٹی پوسٹ یا کسی اور ہدف پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
دھماکے کی آواز آس پاس کے علاقوں میں سنی گئی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔
فارنزک ٹیمیں بھی موقع پر پہنچیں تاکہ شواہد جمع کیے جا سکیں۔ اس واقعے کے بعد ضلع میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
اس سے قبل خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ آپریشنز میں 15 فتنہ الخوارج کو ہلاک کردیا تھا، آئی ایس پی آر کے مطابق، ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران، سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر حملہ کر کے دس خوارج ہلاک کیے، جن میں سرغنہ عالم محسود بھی شامل ہے۔


