site
stats
سندھ

سکھر: خاتون نے رکشا میں بچی کوجنم دے دیا، آکسیجن نہ ہونے پر نومولود جاں‌ بحق

سکھر : گورنمنٹ انور پراچہ اسپتال کے باہر ایک خاتون نے چنگ چی رکشا میں بچے کو جنم دے دیا، آکسیجن کی کمی کے باعث بچی دم توڑ گئی، اسپتال میں آکسیجن سلنڈر کی سہولت میسر نہیں تھی۔

تفصیلات کے مطابق سکھر میں واقع سرکاری اسپتال گورنمنٹ انور پراچہ کے باہر ایک خاتون نے رکشے میں ہی بچے کو جنم دے دیا تاہم نومولود بچی آکسیجن کی کمی کا شکار ہوگئی اور اسپتال انتظامیہ نے آکسیجن سلنڈر نہ ہونے کی وجہ سے بچی کو سول اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا۔

ایمبولینس کی عدم دستیابی کے باعث بچی کو شدید گرمی میں رکشا کے ذریعے سول اسپتال سکھر منتقل کیا گیا تاہم بچی جانبر نہ ہو سکی اور سول اسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گئی۔

یقین دلاتا ہوں ایسے واقعات پھر نہیں ہوں گے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی، سیکندر میندھرو

اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو نے واقعہ کی جانب توجہ دلانے پر اے آر وائی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اے آروائی نیوز کے ذریعے واقعے کا علم ہوا اور افسوسناک واقعہ کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے، آکسیجن سلنڈر کی عدم موجودگی کا پتا چلاکر ذمہ داروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

صوبائی وزیر صحت سندھ نے کہا کہ بچی کے لواحقین کو جو تکلیف پہنچی اور جو عظیم نقصان ہوا ہے اس کا مداوا ممکن نہیں لیکن میں یقین دلاتا ہوں کہ آئندہ ایسے واقعات نہیں ہوں گے۔

ایسے واقعات کی روک تھام ضروری ہے، صارم برنی

سماجی کارکن صارم برنی نے کہا کہ اے آر وائی نیوز نے واقعے کی نشاندہی کرکے ایک اچھا کام کیا ہے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں جب کہ امید کرتا ہوں کہ صوبائی وزیر صحت کا بیان محض سیاسی بیان نہ ہو۔

Print Friendly, PDF & Email
20

Comments

comments

اس ویب سائیٹ پر موجود تمام تحریری مواد کے جملہ حقوق@2018 اے آروائی نیوز کے نام محفوظ ہیں

To Top