اسلام آباد : پاکستانی باکسر عثمان وزیر اور کامران عبدالوہاب تیسری انٹرنیشنل فائٹ جیت کر وطن واپس پہنچ گئے، اسلام آباد ایئرپورٹ پرشائقین نے باکسرز کا شاندار استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق ایشین بوائے کے نام سے مشہور پاکستانی باکسر عثمان وزیر اور اپنے کیریئر کی پہلی انٹر نیشنل فائٹ میں فتح یاب ہونے والے کامران عبدالوہاب سرخرو ہوکر وطن واپس پہنچ گئے۔
اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچنے پر دونوں پاکستانی سپوتوں کا شاندار استقبال کیا گیا، شائقین نے پاکستان کا نام روشن کرنے والے دونوں باکسروں کو پھولوں کے ہار پہنائے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا کر ان کو ویلکم کیا۔
پاکستانی باکسرعثمان وزیر نے تھائی لینڈ کے ٹاپ رینکنگ باکسر کو شکست دیکر تیسری انٹرنیشنل فائٹ جیت کی ہیٹرک مکمل کی ہے، عثمان وزیر کی فائٹ ورلڈ چیمپئن مینی پاکیو کی پروموشن کے زیراہتمام منیلا میں کھیلی گئی۔
عثمان وزیر کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ تیسری ورلڈ رینکنگ فائٹ جیتنے پربہت خوش ہوں، اپنی جیت پاک فوج کے شہیدوں کے نام کرتا ہوں، کامیابی کیلئے دعائیں کرنے پرقوم کا شکر گزار ہوں۔
اس کے علاوہ نوجوان باکسر کامران عبدالوہاب کا بھی پروفیشنل کیریئر کاشاندار طریقے آغاز ہوا ہے، انہوں نے اپنی پہلی عالمی فائٹ میں فلپائنی حریف ایرک ٹسولا کو شکست دی، کامران عبدالوہاب نے بھی اپنی پہلی انٹرنیشنل فتح پاک فوج کے شہداء کے نام کی ہے۔