برلن: جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کہا ہے کہ امریکا چین تجارتی جنگ کے علاوہ عالمی معیشت میں سست روی کی ایک بڑی وجہ بریگزٹ بھی ہے۔
ان خیالات کا اظہار جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے برلن میں معیشت سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ بریگزٹ کی وجہ سے عالمی معیشت بھی متاثر ہورہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر کا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی معیشت کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی مکمل ذمہ داری امریکا اور چین کے مابین تجارتی جنگ پر عائد نہیں کی جاسکتی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بریگزٹ کے لیے تین سال تک مذاکرات کے باوجود غیر یقینی ماحول اب بھی برقرار ہے، اگر کوئی نتیجہ نہیں نکلا تو مستقبل میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
بریگزٹ ڈیل: کیا بورس جانسن نے ملکہ برطانیہ سے جھوٹ بولا؟
خیال رہے کہ برطانیہ میں ڈیوڈ کیمرون کے استعفے کے بعد تھریسامے برطانیہ کی وزیراعظم منتخب ہوگئی تھیں تاہم وہ بریگزٹ کے معاہدے کو حتمی شکل دینے میں ناکام رہی تھیں اور انہیں دو سال بعد ہی استعفیٰ دینا پڑا تھا۔
تھریسامے نے جولائی میں استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد بورس جانسن برطانیہ کے نئے وزیراعظم منتخب ہوئے تھے لیکن بریگزٹ کے معاملے پر بورس جانسن کو بھی مسلسل ناکامی کا سامنا کرنا پڑر ہا ہے۔
سابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے بریگزٹ تقسیم پر معذرت کرلی
واضح رہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا تھا کہ بریگزٹ ڈیل پر یورپی یونین سے مزید توسیع لینے سے بہتر ہے کہ میں گہری کھائی میں گر کر خودکشی کرلوں۔
تین سال قبل 2016 میں 43سال بعد تاریخی ریفرنڈم کے نتائج کے مطابق 52 فیصد برطانوی عوام نے یورپی یونین سے علیحدگی ہونے کے حق میں جبکہ 48 فیصد نے یونین کا حصہ رہنے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔