کراچی: سابق آسٹریلوی کرکٹر بریڈ ہوگ نے انگلینڈ ٹیم کو پاکستانی اسکواڈ کی صلاحیت کے حوالے سے خبردار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی اسپنر بریڈ ہوگ نے انگلینڈ کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان اسکواڈ اس کے خلاف اپ سیٹ کر سکتا ہے۔
کرکٹ کے تمام فارمیٹ کھیلنے والے سابق آسٹریلوی کرکٹر کا کہنا تھا کہ انگلینڈ ٹور کے لیے منتخب کیا گیا 29 رکنی پاکستانی اسکواڈ میزبان ٹیم کو اس کے میدان میں ہرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بریڈ ہوگ دو مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم میں شامل رہے ہیں، انھوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ مجھے امید ہے گرین شرٹس پوری طرح تیار ہیں اور سیریز بہت دل چسپ رہے گی۔
A squad that can cause an upset. Hopefully they can get some quality practice in before they leave for England. It’s looks to be a great tour. #EngvPak #ciricket #ECB #Pakistancricket https://t.co/iQHEhJfoOs
— Brad Hogg (@Brad_Hogg) June 12, 2020
انھوں نے پاکستانی اسکواڈ سے امید وابستہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپ سیٹ کر سکتا ہے، اور امید ہے کہ انگلینڈ کے لیے روانہ ہونے سے قبل اسے معیاری پریکٹس بھی ملے گی۔
قومی کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ روانگی کا شیڈول تیار
دریں اثنا، پاکستان انڈر 19 کے بیٹسمین حیدر علی کو بھی انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز سیریز کے لیے 29 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جو اگست اور ستمبر میں کھیلی جائیں گی۔
Well done on you’re international call up!!🇵🇰 @iamhaideraly pic.twitter.com/vUZpIuEIfH
— Tom Banton (@TBanton18) June 12, 2020
انگلینڈ ٹیم کے دھواں دار بلے باز اور پشاور زلمی میں حیدر علی کے ساتھی کھلاڑی ٹام بینٹن نے انگلینڈ کے خلاف پاکستانی اسکواڈ میں شامل کیے جانے پر حیدر علی کو مبارک باد دی ہے۔ ٹام بینٹن نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ انٹرنیشنل کال پر آپ کو شاباش ہے۔
واضح رہے کہ حیدر علی کا 2019-20 کا سیزن زبردست رہا، جس کی وجہ سے انھیں 2020-21 سیزن کا کنٹریکٹ بھی ملا۔