میڈیلین: برازیل کا ایک چارٹرڈ طیارہ کولمبیا میں حادثے کا شکار ہوگیا‘ جہاز میں برازیل کی فرسٹ کلا س فٹ بال ٹیم سمیت 81 افراد سوار تھے‘ جہاز کی منزل میڈیلنز انٹرنیشنل ائیرپورٹ تھا۔
میڈیلین کے میئر فیڈریکو کے مطابق جہاز پہاڑی علاقے میں کریش ہوا ہے اور اس بھیانک حادثے میں چھ افراد کے بچنے کی اطلاع
ہے۔
ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق طیارہ لامیہ نامی بولیوین چارٹر ایئر لائن کی ملکیت ہے اور حادثہ جہاز میں بجلی کی فراہمی میں تعطل کے سبب پیش آیا۔
حکام کے مطابق ایئرفورس کے ریسکیو ہیلی کاپٹر فوراً ہی حرکت میں آگئے تھے تاہم خراب موسم کے سبب حدِ نگاہ نہ ہونے کے برابر ہونے کے سبب انہیں لوٹ کر آنا پڑاجس کےبعد اس دشوار گزار علاقے میں زمینی آپریشن شروع کیا گیا۔
#EnVideo: Organismos de socorro están en la zona del desastre aéreo. Hospitales de la región en alerta. #EnDesarrollo pic.twitter.com/OyvH4Nk9rT
— MiOriente (@MiOriente) November 29, 2016
حکام نے صحافیوں سے اپیل کی ہے کہ اس دشوار گزار پہاڑی علاقے کا رخ نہ کریں اور اسپتال کی جانب آنے والی سڑکوں اور داخلی راستوں کو ٹریفک سے خالی رکھیں تاکہ زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جاسکے ‘ ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر چھ افراد شدید زخمی حالت میں زندہ پائے گئے ہیں۔
زخمیوں میں فٹ بال ٹیم کے ایلان رسل اور ڈینی لو بھی شامل ہیں جنہیں شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ایلان رسل نامی کھلاڑی کی حالت انتہائی نازک ہے ‘ انہیں متعدد فریکچر پیش آئے ہیں جن میں کولہے کی ہڈی بھی شامل ہے۔ ٹیم کے 31 سالہ گول کیپر ڈینی لو بھی زخمیوں میں شامل ہیں اور انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
مذکورہ ٹیم کا تعلق جنوبی برازیل کے شہر چیپی کو سے ہے اورٹیم انتظامیہ کے مطابق فی الحال وہ کسی بھی قسم کی معلومات فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔