کراچی: جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین میں چھاتی کا سرطان تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے، تحقیق کے ذریعے اس مرض کا سدباب کیا جاسکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کے تحت نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے موضوع پر جاری 4 روزہ14ویں سمپوزیم میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال کا کہنا تھا کہ چھاتی کے سرطان کا مرض اور اس کے پھیلنے کی وجوہات جاننے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: وٹامن ڈی بریسٹ کینسر کی شدت میں کمی کے لیے معاون
پروفیسر اقبال چوہدری کا کہنا تھا کہ صرف2014 میں 17لاکھ چھاتی کے سرطان کے کیسز دنیا میں رپورٹ ہوئے، کینسر کی یہ قسم پھیلنے کے اعتبار سے سے دیگر اقسام کے مقابلے میں دوسرے نمبر پر ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں انسانی صحت کی نگہداشت میں قدرتی مرکبات اہم کردار ادا کررہے ہیں، عالمی سطح پر انفکیشن کو ختم کرنے والی ادویات تیار نہیں کی جارہیں جس کی وجہ سے مختلف موذی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بریسٹ کینسر: تیزی سے فروغ پاتا مرض
سمپوزیم میں شرکت کرنے والے دیگر ملکی و غیر ملکی سائنس دانوں نے بھی اپنا مقالہ پڑھا۔
غیر ملکی ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں اس مرض کے پھیلاؤ کے اسباب جاننے کی بہت ضرورت ہے اور خواتین میں شعور بھی پیدا کرنا بھی لازم ہے۔