تازہ ترین

برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کا بل منظور

لندن : برطانوی دارالعوام نے یورپی یونین سے علیحدگی کا بل منظور کرلیا، بریگزٹ بل کی حمایت میں 494، مخالفت میں 122ووٹ پڑے، بریگزٹ بل منظوری کے لئےدارالامرا بھجوا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ کےیورپی یونین سے نکلنےکی بنیاد ڈال دی گئی، برطانوی دارالعوام نے یورپی یونین سے علیحدگی کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا۔

برطانوی خبررساں ایجنسی کے مطابق اراکین نے 122  کے مقابلے میں 494 ووٹوں سے بریگزٹ بل منظورکرلیا، بل پاس ہونے سے یورپی یونین سے علیحدگی کے مرحلے کی منظوری مل گئی، بل پاس ہونے سےبرطانیہ یورپی یونین سےعلیحدگی کے مذاکرات شروع کرسکے گا۔

یاد رہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کا عمل شروع کرنے سے متعلق ایک قانونی بل پر برطانوی پارلیمان میں منگل کے روز سے بحث کا آغاز ہوا تھا۔ اس بل کے منظوری کے بعد حکومت کو یہ اجازت مل جائے گی کہ وہ باقاعدہ طور پر بریگزٹ عمل کا آغاز کر دے۔

واضح رہے کہ برطانیہ نے 1973 میں یورپین اکنامک کمیونٹی میں شمولیت اختیار کی تھی تاہم برطانیہ میں بعض حلقے مسلسل اس بات کی شکایات کرتے رہے ہیں کہ آزادانہ تجارت کے لیے قائم ہونے والی کمیونٹی کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے رکن ممالک کی ملکی خودمختاری کو نقصان پہنچتا ہے۔

بریگزٹ کے حامیوں کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی سے ابتداء میں مشکلات ضرور پیدا ہوں گی تاہم مستقبل میں اس کا فائدہ ہوگا۔

Comments

- Advertisement -