لندن کے میئر صادق خان کا کہنا ہے کہ بریگزٹ پر برطانیہ کو اب تک 178 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا اور ظاہر ہے یہ کام نہیں کر رہا۔
صادق خان نے جمعرات کو میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے پر اس کی معیشت کے حجم میں اب تک 6 فیصد تک کمی آئی ہے جس کی سالانہ لاگت 140 بلین پاؤنڈ (178 بلین امریکی ڈالر) ہے جو کہ 2035 تک 10 فیصد تک پہنچ جائے گی۔
صاد خان اپوزیشن لیبر پارٹی کے رکن ہیں جنہوں نے 2016 کے ریفرنڈم میں بریگزٹ کے خلاف ووٹ دیا تھا۔
انہوں نے اپنے بیان کی بنیاد اقتصادی مشیر کیمبرج اکانومیٹرکس سے حاصل کی گئی کو قرار دیا جس میں اندازہ لگایا گیا کہ اگر برطانیہ یورپی یونین میں رہنے کے حق میں ووٹ دیتا تو معیشت کتنی تیزی سے ترقی کرتی۔
میئر نے کہا کہ یہ اب واضح ہے کہ بریگزٹ کام نہیں کر رہا بریگزٹ کا سخت گیر ورژن جس کے ساتھ ہم نے اختتام کیا ہے وہ ہماری معیشت کو نیچے گھسیٹ رہا ہے اور زندگی کی لاگت کو بڑھا رہا ہے۔
کیمبرج اکانومیٹرکس کے تجزیے سے اندازہ لگایا گیا ہے کہ اگر کوئی کارروائی نہ کی گئی تو برطانیہ کی معیشت 2035 تک 300 بلین پاؤنڈ سے زیادہ کھو چکی ہو گی، اور دارالحکومت کی معیشت 60 بلین پاؤنڈ سے محروم ہو جائے گی۔