بھارت میں نوبیاہتا دلہن کو روح قبضے میں ہے کہہ کر زبردستی سگریٹ اور شراب پلادی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست کیرالہ کے کوٹائم ضلع میں نوبیاہتا دلہن کو کالے جادو کے نام پر مبینہ طور پر جسمانی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
اس کا انکشاف ایک ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد ہوا جس میں نوجوان خاتون کو باندھ کر زبردستی رسم ادا کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
پولیس نے اس واقعے کے سلسلے میں شوہر اور سسر سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا۔
کالا جادو اس الزام پر کیا گیا کہ اس کے جسم میں خالہ کی روح داخل ہوگئی ہے، متاثرہ دلہن نے انکشاف کیا کہ اس کو زبردستی شراب، سگریٹ اور بھسمہ (راکھ) پینے کی رسم کے دوران مجبور کیا گیا۔
خاتون کو بھی جھلسنے کے زخم آئے، رسم کے دوران، ان کے پاؤں ریشم کے کپڑے سے بندھے ہوئے تھے اور بالوں میں ناخن ٹھونس دیے گئے تھے۔
علاوہ ازیں دلہن کے بالوں کے سرے کاٹ دیے گئے، اس درندگی کے بعد خاتون کی ذہنی حالت بگڑ گئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی اس کے والد نے منارکڑ پولیس میں شکایت درج کرائی۔
خاتون محبت کی شادی کے بعد اپنے شوہر کے گھر رہ رہی تھی۔ الزام ہے کہ اس دوران اس کی ساس نے مبینہ طور پر کالے جادو کی رسم انجام دی اور دعویٰ کیا کہ دلہن کے جسم پر متوفی رشتہ داروں کی روحیں موجود تھیں۔
متاثرہ لڑکی کی ذہنی حالت خراب ہونے پر اس کے والد نے اس معاملے کی اطلاع تھانے میں دی جس کی بنیاد پر منارکاڈ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔


