پیر, فروری 10, 2025
اشتہار

مردان میں زیر تعمیر پل ٹوٹنے کا سخت نوٹس، ناقص مٹیریل کے استعمال کی انکوائری کی جائے گی

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا نے مردان میں زیر تعمیر پل ٹوٹنے کا سخت نوٹس لے لیا، ناقص مٹیریل کے استعمال کی انکوائری کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مردان صوابی روڈ منصوبے پر زیر تعمیر پل ٹوٹنے کا واقعہ پیش آیا تھا، وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا، اور پراونشل انسپکشن ٹیم سے معاملے کی تحقیقات کرانے کا حکم دے دیا۔

معاملے پر وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے چیف سیکریٹری کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ انسپیکشن ٹیم 15 دنوں میں انکوائری رپورٹ پیش کرے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا زیر تعمیر پل ٹوٹنے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر کے رپورٹ دی جائے، پل کی تعمیر میں مبینہ طور پر ناقص مٹیریل کے استعمال کی انکوائری کی جائے، تعمیراتی منصوبوں میں کام کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، ناقص مٹیریل کا استعمال ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ صوابی مردان روڈ زیر تعمیر پل پر ابھی انسان نے پاؤں بھی نہیں رکھا تھا کہ گر گیا، 42 کلو میٹر طویل صوابی مردان ڈبل روڈ 10 ارب روپے سے بن رہا ہے، پرانا پُل تاحال کھڑا ہے جب کہ نیا پُل زمین بوس ہو گیا۔

خیال رہے کہ ضلع صوابی اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیر تعلیم شہرام ترکئی کا آبائی علاقہ ہے، جہاں مردان صوابی روڈ کو دو رویہ کرنے کے لیے پرانے پل کے ساتھ نئے پل کے بیم ڈالے گئے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں