اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں برطانوی اور یورپی پارلیمنٹیرینز نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے برطانوی یورپین پارلیمنٹیرینز کے وفد نے ملاقات کی، وفد کی سربراہی یورپی پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر کے شریک چیئر پرسن رچرڈ کاربٹ نے کی۔
اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور مسئلہ کشمیر سمیت باہمی دل چسپی کے مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔
شاہ محمود نے اس موقع پر کہا کہ آل پارٹیز پارلیمانی گروپ برائے کشمیر کی رپورٹ نے پاکستان کے مؤقف کی تائید کی ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود نے وفد کو بتایا کہ پلوامہ واقعے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں مزید دس ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان
شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق پاکستان کا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان نہتے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے عالمی برادری کی معاونت ضروری ہے۔ دریں اثنا، یورپی وفد نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوانے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ کہہ کر حیران کر دیا تھا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کے لیے تیار ہیں۔
ادھر مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں فوری طور پر مزید دس ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان کر دیا ہے جس سے کشمیریوں کے خلاف مظالم کا سلسلہ مزید تیز ہو جائے گا۔