لسبون : پرتگالی دارالحکومت میں ٹرام (مسافر ٹرین) کے پٹری سے اترنے کے باعث حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 2 برطانوی بچوں سمیت 28 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پرتگال کے دارالحکومت لسبون میں جمعے کی شام پیش آنے والے افسوس ناک واقعے میں 28 مسافر زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹرام پٹری سے اترنے کے بعد رہائشی عمارت سے ٹکرائی تھی۔
مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں 6 ماہ اور 7 سالہ دو برطانوی بچے بھی شامل ہیں جنہیں راہ گیروں سے ریسکیو کر کے اسپتال منتقل کیا تھا۔
مذکورہ حادثہ جمعے کی شام 6 بجے کے قریب پیش آیا تھا جس میں زخمی ہونے والے افراد کے سینے، چہرے اور آنکھوں پر زخم آئے ہیں اور سب کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد 30 کے قریب ہنگامی خدمات انجام دینے والی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھیں۔
ٹرام کمپنی کا کہنا ہے کہ ادارہ افسوس ناک واقعے کی تحقیقات کرے گا تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا علم ہوسکے۔
مزید پڑھیں : ترکی میں دو ٹرینیں ٹکرا گئیں، 9 افراد ہلاک 47 زخمی
یاد رہے کہ دو روز قبل ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں واقع ریلوے اسٹیشن پر دو تیز رفتار ٹرینں آپس میں ٹکرا گئیں،جس کے باعث 7 افراد ہلاک جبکہ 46 مسافروں کے زخمی ہوئے ہیں۔