تازہ ترین

برطانوی شہری شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کو ناپسند کرتے ہیں!

برطانیہ میں ہونے والے ایک حالیہ سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہاں کے عوام کی اکثریت شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کو ناپسند کرتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس حالیہ سروے میں برطانیہ کے دو ہزار سے زائد شہریوں کو شامل کیا گیا اور ان سے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ کے بارے میں رائے لی گئی۔

اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

سروے میں 43 فیصد شہریوں نے اس شاہی جوڑے کو ناپسندیدہ قرار دیا اور کہا کہ انہیں شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔

سروے میں مجموعی طور پر 22 فیصد شہریوں نے جوڑے سے ہمدردی کا اظہار کیا جب کہ 3 فیصد افراد نے اس پر رائے زنی کے بجائے خاموش رہنے کو ترجیح دی۔

یاد رہے کہ یہ سروے ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب میگھن مرکل نے چند روز قبل اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ اور شہزادہ ہیری ستمبر کے آخر میں برطانیہ اور جرمنی کا دورہ کریں گے۔

واضح رہے کہ ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری اور ڈچز آف سسیکس میگھن مارکل نے مئی 2018 میں شادی کی تھی اور ڈھائی برس قبل 9 جنوری 2020 میں شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ نے شاہی حیثیت کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے ملکہ برطانیہ سمیت پوری دنیا کو حیران کردیا تھا۔

اس وقت اس جوڑے نے اپنی ویب سائٹ اور انسٹاگرام پر جاری بیان میں اعلان کیا کہ ‘کئی ماہ تک غور و فکر اور باہمی تبادلے کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ ہم شاہی حیثیت سے دستبردار ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا تھا کہ ‘ہم دونوں مالی طور پر خود مختار ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم ہم ملکہ برطانیہ کی مکمل معاونت اور حمایت جاری رکھیں گے’۔

ملکہ برطانیہ نے دونوں کے اس فیصلے کی حمایت کی تھی اور 10 روز بعد ہی 19 جنوری کو شاہی محل نے شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شاہی حیثیت کے خاتمے کا اعلان کردیا تھا۔

برطانوی شاہی محل سے بیان جاری کیا گیا تھا کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل اب شاہی ذمے داریاں ادا نہیں کریں گے اور نہ ہی وہ اب شاہی محل کا حصہ ہوں گے تاہم ساتھ ہی کہا گیا تھا کہ وہ شاہی خاندان کا حصہ ضرور رہیں گے۔

Comments

- Advertisement -