امریکا میں برطانوی ماڈل کی مونگ پھلی والے بسکٹ کھانے سے موت ہوگئی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ماڈل اور ڈانسر اورلا بیگزینڈیل نے امریکا میں ’لیو اسٹیورڈ‘ نامی اسٹور سے بسکٹ خریدے جس کے پیکٹ پر یہ درج نہیں تھا کہ اس کے اجزائے ترکیبی میں مونگ پھلی بھی شامل تھی جس سے ان کو الرجی تھی وہ بسکٹ کھانے سے ماڈل کی موت ہوگئی۔
برطانوی ماڈل کے خاندان کا کہنا ہے کہ اورلا نے یہ بسکٹ امریکی ریاست کنیکٹیکٹ میں کھائے تھے جہاں وہ ایک ڈانس کمپنی کے تحت ’ایلس اِن دا ونڈرلینڈ‘ کے ایک میوزیکل ورژن پر کام کر رہی تھیں۔
اہلخانہ کے مطابق ان کی بیٹی مونگ پھلی سے ہونے والی الرجی کا ’ہمیشہ خیال رکھتی تھیں‘ اور وہ کبھی اپنے ایپی پین کے بغیر گھر سے باہر نہیں نکلتی تھیں۔
اورلا کو بچانے کے لیے ایپی پین کا استعمال کیا گیا لیکن وہ جانبر نہیں ہو سکیں ،اورلا کا آبائی تعلق لنکاشائر سے ہے لیکن وہ 2018 میں ماڈلنگ میں اپنا کیریئر بنانے کے لیے نیو یارک منتقل ہو گئی تھیں۔اورلا کے خاندان کا کہنا ہے کہ برطانوی ماڈل اپنی ڈانس کمپنی مومکس کے ساتھ ایک بین الاقوامی دورے پر جانے کی تیاری کر رہیں تھیں۔
ادھر لیو سٹیورڈ سٹور کی انتظامیہ جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان کے پاس موجود بسکٹس میں مونگ پھلی اور انڈا شامل ہے جس کے حوالے سے معلومات پیکٹ پر درج نہیں تھیں، جن افراد کو ان اجزا سے الرجی وہ یہ بسکٹ کھانے سے پرہیز کریں کیونکہ یہ ان کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔
اورلا کے خاندان کے وکیل نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ اورلا کی موت بسکٹ فروخت کرنے اور بنانے والوں کی سنگین لاپرواہی کے سبب واقع ہوئی لیکن اب تک اورلا کے خاندان کی جانب سے کسی کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کروایا گیا ہے۔




