نئی دہلی: بھارت میں ایک شخص نے اپنی بہن کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے نہایت خطرناک اور اوچھی حرکت کرتے ہوئے طیارے میں بم کی جھوٹی فون کال کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چنائی میں ایک شخص نے اپنی بہن کو بیرون ملک سفر سے روکنے کے لیے جہاز میں بم کی جھوٹی فون کال کردی، نجی ایئر لائن کی پرواز دبئی روانگی کے لیے تیار تھی جسے بم کی جھوٹی اطلاع کے بعد 6 گھنٹے تک رکنا پڑا۔
صبح 7 بجے 60 مسافر جہاز میں سوار ہوچکے تھے جب ایک شخص نے پولیس کنٹرول روم میں فون کر کے بم کی جھوٹی اطلاع دی۔
فون کال کے بعد بورڈنگ کا عمل روک دیا گیا اور سوار ہونے والے مسافروں کو بھی واپس اتار دیا گیا، طیارے کو ایئرپورٹ پر موجود بالکل علیحدہ مقام پر معائنے کے لیے لے جایا گیا۔
ایئرپورٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جہاز کی مکمل طور پر تلاشی لی لیکن کوئی مواد برآمد نہیں ہوسکا۔
جھوٹی کال کرنے پر شہری کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس نے پولیس کو بتایا کہ بہن کو دبئی جانے سے روکنا چاہتا تھا، اس لیے جھوٹی کال کر کے پرواز روکنے کی کوشش کی۔