براؤن یا وائٹ کونسا چاول آپ کی صحت کے لیے اچھا ہے۔
پاکستان میں چاول صرف ایک غذائی چیز نہیں بلکہ روزمرہ کے کھانوں کا ایک اہم حصہ ہے۔ شمال سے جنوب اور مشرق سے مغرب تک، کئی صوبوں میں لوگ صبح کے ناشتے سے لے کر رات کے کھانے تک کسی نہ کسی شکل میں چاول کا استعمال ضررور کرتے ہیں۔
عام طور پر لوگ سفید چاول یا براؤن رائس کھاتے ہیں لیکن آج کل صحت کے حوالے سے باخبر لوگوں کے ذہن میں یہ سوال رہتا ہے کہ ان دونوں میں سے کون سا زیادہ فائدہ مند ہے۔
دراصل وائٹ رائس اور براؤن رائس کے درمیان سب سے بڑا فرق ان کی پروسیسنگ کے عمل کا ہوتا ہے۔ براؤن رائس یعنی بھورے چاول بغیر پالش کے ہوتے ہیں۔ ان میں چاول کی بیرونی تہیں، جیسے بران اور جرم، برقرار رہتی ہیں جس کی وجہ سے ان کے قدرتی غذائی اجزا محفوظ رہتے ہیں۔
جبکہ سفید چاول مکمل طور پر پالش کیے جاتے ہیں جس سے ان کا رنگ تو صاف اور ساخت نرم ہو جاتی ہے، لیکن اسی عمل میں کئی ضروری غذائی اجزا نکل جاتے ہیں یہی وجہ ہے کہ دونوں کے صحت سے متعلق فوائد مختلف مانے جاتے ہیں۔
براون رائس کو غذائیت کا اچھا ذریعہ سمجھا جاتا ہے ان میں فائبر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جو ہاضمے کو بہتر بناتی ہے اور پیٹ کو زیادہ دیر تک بھرا ہوا محسوس کراتی ہے۔ اسی لیے وزن کم کرنے کی کوشش کرنے والوں کے لیے براؤن رائس ایک بہتر انتخاب ہو سکتا ہے۔
اس کے علاوہ اس میں میگنیشیم، فاسفورس اور وٹامن بی جیسے اہم اجزا پائے جاتے ہیں، جو جسم کی توانائی، ہڈیوں کی مضبوطی اور میٹابولزم کے لیے مفید سمجھے جاتے ہیں۔
براؤن رائس کا گلائسیمک انڈیکس بھی کم ہوتا ہے جس کی وجہ سے یہ خون میں شوگر کی سطح کو آہستہ آہستہ بڑھاتا ہے اور ذیابیطس کے مریضوں کے لیے نسبتاً زیادہ محفوظ سمجھا جاتا ہے۔
دوسری جانب وائٹ رائس کا ذائقہ ہلکا ہوتا ہے اور یہ جلدی پک جاتے ہیں اور آسانی سے ہضم ہو جاتے ہیں، اسی لیے جن لوگوں کا نظامِ ہاضمہ کمزور ہو، بزرگ افراد یا بیماری سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کے لیے وائٹ رائس زیادہ آرام دہ مانے جاتے ہیں۔
اس کے علاوہ جن لوگوں کو فوری توانائی کی ضرورت ہوتی ہے جیسے زیادہ جسمانی محنت کرنے والے افراد، ان کے لیے بھی سفید چاول فائدہ مند ہو سکتے ہیں، تاہم فائبر کم ہونے کی وجہ سے یہ خون میں شوگر کی سطح کو تیزی سے بڑھا سکتے ہیں اور زیادہ دیر تک پیٹ بھرے رہنے کا احساس نہیں دیتے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


