وزیرآباد(25 مارچ 2026): سنگدل شوہر نے اپنی ہی شریک حیات کو دریائے چناب میں ڈبو کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔
تفصیلات کے مطابق رسولنگر کے علاقے میں سنگدل شوہر نے اپنی ہی شریک حیات کو دریائے چناب میں ڈبو کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور جرم چھپانے کے لیے اغوا کا ڈرامہ رچایا، جسے پولیس نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے بے نقاب کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد لاش کو دریا کی ریت میں چھپا دیا اور بعد ازاں خود ہی پولیس کو بیوی کے اغوا کی جھوٹی اطلاع دی۔ ملزم نے کوشش کی کہ واقعے کو اغوا کا رنگ دے کر قانون کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا سکے۔
تفتیش کے دوران ملزم کی مشکوک حرکات و سکنات نے پولیس کو شک میں مبتلا کر دیا۔ جب پولیس نے سخت تفتیش کی تو ملزم نے اپنے گھناؤنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر مقتولہ کی لاش دریا کی ریت سے برآمد کر لی ہے۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم اور ضروری قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


