منگل, اپریل 14, 2026
اشتہار

ٹرمپ کی تنقید: برطانیہ میں شاہ چارلس کا دورہ امریکا منسوخ کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا

اشتہار

حیرت انگیز

لندن(9 مارچ 2026): برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر پر دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے برطانیہ پر حالیہ سخت تنقید کے بعد شاہ چارلس کا دورہ واشنگٹن روک دیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق شاہ چارلس اور ملکہ کیمیلا اگلے ماہ امریکی صدر سے ملاقات کے لیے ریاست کے دورے پر جانے والے ہیں، تاہم برطانوی حکومت پر ٹرمپ کے مسلسل حملوں اور مشرقِ وسطیٰ کی جنگ کے باعث اس دورے کو منسوخ یا ملتوی کرنے کے مطالبات زور پکڑ رہے ہیں۔

لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ سر ایڈ ڈیوی نے کہا ہے کہ کیئر اسٹارمر کو بادشاہ کو مشورہ دینا چاہیے کہ اپریل میں ہونے والا یہ دورہ منسوخ کر دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے وقت میں جب ٹرمپ نے ایک ‘غیر قانونی جنگ’ چھیڑ رکھی ہے جو مشرقِ وسطیٰ کو تباہ کر رہی ہے اور برطانوی خاندانوں کے لیے توانائی کے بلوں میں اضافے کا باعث بن رہی ہے، یہ دورہ نہیں ہونا چاہیے۔

ہمیں ضرورت نہیں! ٹرمپ نے برطانیہ کو صاف انکار کر دیا

انہوں نے مزید کہا کہ شاہی دورہ صدر ٹرمپ کے لیے ایک بڑی سفارتی کامیابی سمجھا جائے گا، جو کسی ایسے شخص کو نہیں دینی چاہیے جو بار بار ہمارے ملک کی توہین کرتا ہے۔

لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ راچل ماسکل اور گرین پارٹی کی نائب صدر راچل ملورڈ نے بھی اس دورے کی مخالفت کرتے ہوئے اسے ‘ناقابلِ تصور’ قرار دیا ہے۔

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ٹرمپ نے کیئر اسٹارمر پر اس وقت شدید غصے کا اظہار کیا جب انہوں نے ابتدائی طور پر ایران پر حملوں کے لیے برطانوی اڈوں کے استعمال کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔

 اگرچہ بعد میں ایران کی جانب سے برطانوی اتحادیوں اور قبرص میں آر اے ایف بیس پر میزائل حملوں کے بعد برطانیہ نے اڈوں کے استعمال کی اجازت دے دی، لیکن اس کے باوجود ٹرمپ کی تنقید جاری رہی۔

ہفتے کی رات ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا ہمیں اب ان لوگوں کی ضرورت نہیں جو جنگ جیتنے کے بعد اس میں شامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے اسٹارمر پر طنز کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ہمارا واسطہ ونسٹن چرچل سے نہیں پڑ رہا۔

دوسری جانب ڈاؤننگ اسٹریٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اتوار کو فون پر بات کی جس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی وزیرِ خارجہ ایویٹ کوپر نے وزیرِ اعظم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی مفادات کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور ہر فیصلے میں قومی مفاد کو سامنے رکھا جاتا ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں