اسلام آباد: بجٹ 2025-26 کی دستاویز منظر عام پر آگئی ہیں۔
بجٹ 2025-26 کی دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم 17 ہزار 553 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، نان ٹیکس ریونیو کا ہدف 2147 ارب روپے مقرر ہے۔
پیٹرولیم لیوی سے آمدنی کا تخمینہ 1468 ارب روپے لگایا گیا ہے، قدرتی گیس ڈیولپمنٹ سرچارج سے تقریباً 50 ارب روپے کی وصولی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
بجٹ دستاویز کے مطابق گیس انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس کی مد میں 2 ارب 40 کروڑ روپے وصولی کا ہدف ہے، ایل پی جی پر پیٹرلویم لیوی سے 5 ارب روپے حاصل کیے جائیں گے۔
آئندہ مالی سال قرضوں اور سود کی ادائیگی پر 8207 ارب روپے خرچ ہوں گے، ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن کے لے 1055 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
یہ پڑھیں: وفاقی کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی
بجٹ دستاویز کے مطابق وفاقی وزارتوں اور محکموں کا غیر ترقیاتی بجٹ 971 ارب روپے مختص کیا گیا ہے۔
ایف بی آر کے لیے ٹیکس وصولی کا ہدف 14 ہزار 131 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، ایف بی آر 6902 ارب رپے ڈائریکٹ ٹیکس کی مد میں جمع کرے گا، 6811 ارب روپے انکم ٹیکس کی مد میں جمع کیے جائیں گے، 7229 ارب روپے ان ڈائریکٹ ٹیکسز سے حاصل کیے جائیں گے، ایف بی آر آئندہ مالی سال میں 1588 ارب روپے کسٹم ڈیوٹی کی مد میں حاصل کرے گا۔
بجٹ دستاویز کے مطابق سیلز ٹیکس وصولی کا ہدف 4753 ارب روپے مقرر ہے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 888 ارب روپے جمع کیے جائیں گے۔