اسلام آباد : آئندہ بجٹ میں سولر پینلز پر سیلز ٹیکس نہ بڑھانے کا فیصلہ کرلیا گیا ، آئی ایم ایف نے سیلز ٹیکس کو 1 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سولر پینلز پر سیلز ٹیکس نہ بڑھانے کا اہم فیصلہ کرلیا۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے مہنگی بجلی سے پریشان شہریوں کے لئے سولر پینلز پر موجودہ ٹیکس کی شرح کو برقرار رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
خیال رہے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے سولر پینلز پر سیلز ٹیکس کی رعایت ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سولر پینلز پر سیلز ٹیکس کو 1 فیصد سے بڑھا کر فوری طور پر 18 فیصد کیا جائے۔
واضح رہے بجٹ سے قبل ہی سولر پینلز کی قیمتوں میں 4 ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا۔
جس کے بعد مارکیٹ میں 585، 645 اور 720 واٹ کے پینلز 26 ہزار سے لے کر 32 ہزار روپے تک کی بلند قیمت پر فروخت ہو رہے ہیں۔
مارکیٹ ذرائع نے بتایا تھا کہ پینلز کے ساتھ ساتھ سولر انورٹرز کی قیمتوں میں بھی 20 ہزار روپے تک کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مارکیٹ میں چھوٹے صارفین کے لیے استعمال ہونے والے 1 کلو واٹ سے 3 کلو واٹ تک کے انورٹرز کی قیمتیں 5 سے 10 ہزار روپے تک بڑھا دی گئی ہیں۔


