اسلام آباد : آئندہ بجٹ میں امپورٹڈ میک اپ، لپ اسٹک، پرفیومز اور برانڈڈ کپڑے سستے ہونے کا امکان ہے، سامان پرایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی یاریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی ہوسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ مالیاتی بجٹ میں جہاں مختلف شعبوں کو مراعات دینے پر غور کیا جا رہا ہے، وہی بیوٹی اور فیشن انڈسٹری کے لیے بھی بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے آئندہ بجٹ میں امپورٹڈ میک اپ اور بناؤ سنگھار کے دیگر سامان پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جولائی 2024 کے نوٹیفکیشن 929 کے تحت عائد ٹیکسز پر ریلیف دیتے ہوئے مختلف امپورٹڈ اشیاء پر ڈیوٹی میں 2 سے 5 فیصد تک کمی کی جا سکتی ہے۔
اس مجوزہ ریلیف کے تحت امپورٹڈ فیس پاؤڈر، بیس کریم، لپ اسٹک، لپ گلوس، فیس شائنر اور فیس واش سستے ہونے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ آنکھوں کے میک اپ میں استعمال ہونے والے امپورٹڈ آئی لائنر، مسکارے اور میک اپ کٹس پر بھی ڈیوٹی کم کی جائے گی۔
فیشن اور پرسنل کیئر کے شعبے میں بال سیدھے کرنے والے اسٹریٹنر، کرلنگ راڈ، ہیئر کلرز، ہیئر لوشنز اور یہاں تک کہ امپورٹڈ نقلی زلفوں پر بھی ڈیوٹی میں کمی کی تجویز ہے۔
صارفین کے لیے امپورٹڈ برانڈڈ جوتے، کپڑے، بیلٹس، پرس، سن گلاسز، پرفیومز، باڈی اسپرے اور مردوں کے شیونگ کے سامان سمیت دانتوں کی خوبصورتی بڑھانے والے امپورٹڈ آلات پر بھی ڈیوٹی 2 سے 5 فیصد تک کم ہو سکتی ہے، جس سے ان اشیاء کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی۔


