اسلام آباد (11 جون 2026): وفاقی حکومت نے بجٹ 27-2026 میں وزارت صحت کا نیا ترقیاتی منصوبہ شامل نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ آئندہ پی ایس ڈی پی میں شعبہ صحت کا کوئی نیا منصوبہ شامل نہیں بلکہ 21 جاری ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔
دستاویزات کے مطابق بجٹ میں جناح میڈیکل کمپلیکس اسلام آباد اور وزیر اعظم انسداد زیابطیس پروگرام کے جاری منصوبے کیلیے 50، 50 کروڑ روپے مختص جبکہ وزیر اعظم ہیپٹائٹس سی کنٹرول پروگرام کے جاری منصوبے کیلیے 1.5 ارب مختص کرنے کی تجویز ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بجٹ میں اسٹیشنری آئٹمز پر ٹیکس، پرائیویٹ اسکولز کا حکومت سے بڑا مطالبہ
آئی ڈی ایس آر سسٹم منصوبے کیلیے 71 کروڑ روپے، اسلام آباد میں کینسر اسپتال تعمیر کے جاری منصوبے کیلیے 897 ملین روپے، جناح اسپتال کے جاری منصوبے کیلیے 1 ارب 20 کروڑ روپے، اسلام آباد میں کینسر اسپتال کے آلات خریداری کیلیے 1500 ملین روپے اور وفاقی علاقوں میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کی بہتری کے منصوبے کیلیے 800 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
اسی طرح، پرائم منسٹر ہیلتھ پروگرام فیز 4 کیلیے 3 ارب ساڑھے 6 کروڑ روپے، کامن مینجمنٹ یونٹ کے استحکام کیلیے 50 کروڑ روپے، نیشنل ایکشن پلان فار پاپولیشن کیلیے 250 ملین روپے، اسلام آباد ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ڈرگ کنٹرول سیکشن کیلیے 144 ملین روپے، کنگ سلمان اسپتال ترلائی کے جاری منصوبے کیلیے 500 ملین روپے، پولی کلینک شعبہ کارڈیالوجی کی اپ گریڈیشن کیلیے 1 ارب روپے، بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان کیلیے 50 کروڑ روپے جبکہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں چار بنیادی مراکز صحت کی تعمیر کیلیے 334 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
دستاویزات کے مطابق بری امام کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کی تعمیر منصوبہ کیلیے 117 ملین روپے اور اسلام آباد میں متعدی امراض کنٹرول سنٹر کی تعمیر کیلیے 1 ارب 20 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔


