اسلام آباد (13 مئی 2026): آئندہ بجٹ 27-2026 میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ٹیکس اصلاحات نافذ کرنے پر غور کیا گیا۔
ٹیکس اصلاحات کے حوالے سے وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں آئندہ بجٹ 27-2026 کیلیے تجویز کردہ ٹیکس اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ٹیم نے بجٹ کیلیے زیرِ غور مختلف تجاویز پر شرکا کو بریفنگ دی، اجلاس میں انڈر رپورٹنگ، ٹیکس چوری اور اسمگلنگ کی روک تھام کیلیے مختلف تجاویز کا جائزہ اور ٹیکنالوجی کے ذریعے شفافیت اور نفاذ کو بہتر بنانے سے متعلق تجاویز پر غور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آئندہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس لگے گا یا نہیں؟ بڑی خبر آگئی
علاوہ ازیں، ٹیکس چوری روکنے کیلیے اے آئی پر مبنی سسٹم لانے کا جائزہ اور ضبط شدہ سامان کی نیلامی کیلیے ای-آکشن سسٹم متعارف کروانے پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اقتصادی امور نے کہا کہ ای-آکشن سسٹم سے ضبط شدہ سامان کی نیلامی کا عمل شفاف بن جائے گا، حکومت معاشی ترقی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ٹیکس اصلاحات لائے گی۔
احد چیمہ نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات کا مقصد کاروباری ماحول اور معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے، ایسے ٹیکس نظام کی حمایت کرتے ہیں جس میں انسانی مداخلت کم سے کم ہو، ڈیجیٹل طور پر خود کار نظام اور ٹیکنالوجی پر مبنی حل مثبت قدم ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نظام مضبوط ہونے سے عوام کو ایف بی آر دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، اے آئی پر مبنی ٹیکس نظام سے عوام اور افسران دونوں کو آسانی ہوگی، ایف بی آر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر کے تجاویز میں مزید بہتری لائے، اصلاحات عملی، ٹیکنالوجی پر مبنی اور مؤثر نتائج کی حامل ہونی چاہئیں۔
اجلاس میں مصدق ملک، ہارون اختر، بلال کیانی اور چیئرمین ایف بی آر نے شرکت کی۔
Shoaib Nizami reports Finance, Fedeal Board of Revenue, Planning , Public Accounts, Banking, Capital Market, SECP, IMF, World Bank, Asian Development Bank, FATF updates for ARY News


