اسلام آباد : پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے درمیان بجٹ مذاکرات کا باقاعدہ آغاز ہوگئا ، جس مین آئی ایم ایف وفد کیساتھ مشاورت سے نیا وفاقی بجٹ تیار کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے درمیان آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ اور نئے قرض پروگرام کے لیے مذاکرات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔
مشن چیف مس ایوا پیٹرووا کی قیادت میں آئی ایم ایف کا وفد وزارتِ خزانہ پہنچ گیا، جہاں پہلے تعارفی سیشن کے ساتھ ہی بات چیت کا عمل شروع ہوا۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے اپنی معاشی ٹیم کے ہمراہ آئی ایم ایف مشن سے ملاقات کی، اس اہم ملاقات میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چیئرمین ایف بی آر، سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی معاشی صورتحال، میکرو اکنامک آؤٹ لک اور حکومت کے معاشی استحکام و پائیدار ترقی کے ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی مشاورت سے تیار کیا جائے گا، جس کی تیاریاں آئندہ ہفتے تک مکمل کر لی جائیں گی۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے شرط عائد کی ہے کہ وفد کی مشاورت سے طے شدہ معاشی اہداف کی پارلیمنٹ سے منظوری لی جائے۔
مذاکرات کے دوران معاشی اصلاحات کے نفاذ اور پائیدار معاشی نمو کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کا وفد 20 مئی تک پاکستان میں قیام کرے گا، جس کے دوران وفاقی بجٹ کے خدوخال طے کرنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر نشستیں ہوں گی۔
آئی ایم ایف مشن کے اسٹیٹ بینک حکام کے ساتھ بھی الگ سے مذاکرات شیڈول ہیں، جن میں مانیٹری پالیسی اور زرمبادلہ کے ذخائر سے متعلق امور زیرِ بحث آئیں گے۔
Shoaib Nizami reports Finance, Fedeal Board of Revenue, Planning , Public Accounts, Banking, Capital Market, SECP, IMF, World Bank, Asian Development Bank, FATF updates for ARY News


