کراچی (14 جولائی 2026): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے ایک اور ساحلی مقام پر نئی بندرگاہ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبے میں ایک نئی بندرگاہ تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے، جو ٹھٹہ کے ساحلی مقام کیٹی بندر پر تعمیر کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ملک میں آٹے کے بحران کی وجہ گندم کی امدادی قیمت کم ہونے کو قرار دیا اور کہا کہ آٹے اور گندم کی امدادی قیمت وفاقی حکومت کی ہدایت پر مقرر کی گئی تھی، لیکن قیمت کم مقرر ہونے کے باعث گندم کی سرکاری خریداری کم ہوئی۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ حکومت نے ذخیرہ اندوزوں سے گندم 3 ہزار روپے فی من خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خریداری اب قانون کے مطابق کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بھی گندم اور آٹے کے بحران پر اہم اجلاس کر رہے ہیں۔ میرا ماننا ہے سندھ حکومت کو گندم کی خریداری کو اب ریگولیٹ نہیں کرنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ پورا ملک اس وقت دہشت گردی کی ایک نئی لہر کی زد میں ہے، اور ان دہشت گردوں کا اصل ہدف کراچی ہے، تاہم حالات پر ہماری گہری نظر ہے۔ صوبے میں دہشت گرد عناصر کو کسی صورت دوبارہ سر اٹھانے نہیں دیں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں گزشتہ روز اسٹریٹ کرائم میں نوجوان ڈاکٹر کی جان گئی۔ سندھ حکومت نے اس کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے پولیس متحرک ہے۔


