بیجنگ: چین میں ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کر کے معجزانہ طور پر زندہ بچ جانے والے نوجوان کے دماغ میں موجود کیل نکال لی۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق چین کا بچیس سالہ نوجوان تعمیراتی شعبے سے وابستہ ہے اور وہ عمارتوں کی تعمیرات کے مختلف پروجیکٹس کرتا ہے۔
رواں برس اکتوبر میں جب وہ اپنے کام پر موجود تھا تو اُس نے گن سے کیل دیوار میں ٹھونکنے کی کوشش کی مگر مشین بند ہوگئی جس کے بعد اس نے کام روک دیا۔
بعد ازاں بے دھیانی میں نوجوان سے گن اچانک چل گئی جس کے نتیجے میں ڈیڑھ انچ سے لمبی اسٹیل کی کیل ٹھوڑی سے اُس کی کھوپڑی میں گھسی اور دماغ تک پہنچ گئی۔
نوجوان کے ساتھی اُسے اسپتال لے کر پہنچے جہاں ڈاکٹر نے کیس لینے سے انکار کیا اور پھر اسے بڑے اسپتال جانے کا مشورہ دیا۔
مزید پڑھیں: ایک سالہ بچے کی کھوپڑی میں پھنسی کیل نکال لی گئی
ڈاکٹرز نے مطابق نوجوان جس وقت اسپتال پہنچا اُس کا چہرہ خون سے لت پت تھا اور سر میں سوراخ تھا، حیران کن طور پر نوجوان ہوش و ہواس میں بات کررہا تھا۔
ڈاکٹرز کے مطابق ہم نے نوجوان کو داخل کرنے کے بعد سٹی اسکین کیا تو معلوم ہوا کہ کیل دماغ میں موجود ہیں، رپورٹ کو دیکھتے ہوئے ہم نے آپریشن کرنے کا ارادہ کیا۔
ڈاکٹرز نے بتایا کہ ہمارے لیے سب سے اہم نوجوان کی جان بچانا تھا، آپریشن میں کئی پیچیدگیاں تھیں جس کے لیے ہم نے ماہر سرجن کی خدمات حاصل کیں اور چار گھنٹے طویل آپریشن کر کے کیل کو باہر نکالا۔
یہ بھی پڑھیں: 76سالہ شخص کی کھوپڑی سے 26 سال پرانا زنگ آلود بلیڈ نکال لیا گیا
آپریشن کے بعد نوجوان کو چوبیس گھنٹے بعد ہوش آیا اور اب وہ تیزی سے روبہ صحت ہے، ڈاکٹرز پرامید ہیں کہ ایک دو روز میں نوجوان کو گھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔