تازہ ترین

امریکا میں‌ 12 منزلہ عمارت زمیں‌ بوس، عین وقت کی ویڈیو سامنے آگئی

امریکی ریاست فلوریڈا میں 12 منزلہ رہائشی عمارت اچانک زمیں بوس ہوئی، جس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست فلوریڈا کے علاقے سرفسائڈ میں واقع 12 منزلہ چیپلین ٹاور کا ایک حصہ  چند گھنٹوں قبل زمین بوس ہوا۔

فلوریڈا کے میئر نے بتایا کہ جو عمارت منہدم ہوئی اُس میں 130 گھر  آباد تھے۔

انہوں نے بتایا کہ عمارت زمیں بوس ہونے کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ بڑے پیمانے پر ریسکیو اور لوگوں کی تلاش کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

امریکی میڈیا نے عمارت زمیں بوس ہونے کے نتیجے میں شہریوں کی بڑے پیمانے پر ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا ہے البتہ مقامی انتظامیہ نے تاحال کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی۔

انٹرنیٹ پر عمارت زمیں بوس ہونے کے عین وقت کی ویڈیو سامنے آئی، جس میں چند سیکنڈ میں ایک ٹاور کو منہدم ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب کاؤنٹی سیلی کی کمشنر نے کہا کہ ’سیکڑوں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، ابھی اُن کی حتمی تعداد کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا‘۔

Comments