اسلام آباد : اکتوبرمیں مہنگائی میں کمی کا وزارت خزانہ کا دعویٰ غلط ثابت ہوگیا، ستمبرکے مقابلے اکتوبر میں مہنگائی4.71 فیصد بڑھی۔
تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نےمہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کردی ، جس میں اکتوبرمیں مہنگائی میں کمی کاوزارت خزانہ کادعویٰ غلط ثابت ہوگیا۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ ستمبرکے مقابلے اکتوبر میں مہنگائی4.71 فیصد بڑھ گئی اور اکتوبر میں مہنگائی بڑھ کر 26.56 فیصد ہوگئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ستمبر2022 میں مہنگائی کی شرح 23.18 فیصد تھی جبکہ جولائی تا اکتوبر مہنگائی کی اوسط شرح 25.49 فیصد رہی۔
ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ اکتوبر میں شہری علاقوں میں مہنگائی میں 4.50فیصد اضافہ ہوا، دیہی علاقوں میں مہنگائی 5.01 فیصد بڑھ کر مہنگائی 29.5 فیصد پر پہنچ گئی۔
رپورٹ کے اعدادو شمار کے مطابق اکتوبر میں شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 24.6 فیصد رہی، شہری علاقوں میں اکتوبر میں پیاز 67 اعشاریہ 73 فیصد مہنگی ہوئی۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ گزشتہ ماہ ٹماٹر 40 اعشاریہ 73 فیصد ، تازہ پھل 10 اعشاریہ 98 فیصد ، سبزیاں، چائے، آٹا، خشک میوہ جات اور چکن بھی مہنگے ہوئے جبکہ بجلی چارجز میں 89 اعشاریہ 5 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اکتوبرمیں سالانہ بنیادپرٹماٹر219اعشاریہ34 فیصد ، پیاز154اعشاریہ66فیصد اور کوکنگ آئل 58 فیصد مہنگا ہوا جبکہ آلو، دودھ، آٹا، سبزیاں بھی مہنگی ہوئیں۔