منگل, ستمبر 17, 2024
اشتہار

شوہر کے برگر اور پزا نہ کھلانے پر بیوی نے۔۔۔؟

اشتہار

حیرت انگیز

میاں بیوی میں اختلاف اور ناراضی کوئی انہونی بات نہیں مگر ایک خاتون تو اپنے شوہر سے صرف فاسٹ فوڈ نہ کھلانے پر انوکھا کارنامہ انجام دیا۔

میاں بیوی زندگی کی گاڑی کے دو پہیے کہے جاتے ہیں جن میں اختلافات اور ناراضی ہونا کچھ انہونی بات نہیں لیکن ایک بیوی تو صرف اتنی سی بات پر روٹھ گئی کہ اس کا شوہر اسے فاسٹ فوڈ نہیں کھلاتا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ انوکھا جھگڑا آگرہ شہر کے تاج نگری میں پیش آیا جہاں ایک شادی شدہ خاتون کو فاسٹ فوڈ کھانے کی ایسی لت پڑی کہ اس نے اپنی ازدواجی زندگی کو ہی داؤ پر لگا دیا اور کئی ماہ تک روٹھ کر نہ صرف میکے بیٹھی رہی بلکہ شوہر کی شکایت درج کرانے تھانے بھی جا پہنچی۔

- Advertisement -

مذکورہ خاتون جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا کا کہنا ہے کہ اس کی شادی ایک سال قبل ہوئی تھی۔ وہ فاسٹ فوڈ کھانے کی دلدادہ تھی لیکن اس کا شوہر سادہ کھانا کھانے کا عادی۔ شوہر نے بیوی کو بھی اپنے رنگ میں رنگتے ہوئے سادہ کھانا کھلایا، جو اس نے کچھ دن تو برداشت کیا، مگر پھر اس نے فاسٹ فوڈ کی فرمائش کر دی۔

جب شوہر نے روز روز فاسٹ فوڈ کھلانے کی فرمائش پوری نہ کی تو بیوی اپنے میاں سے لڑ کر اور سسرال چھوڑ کر میکے آن بیٹھی اور پولیس میں شکایت کرنے کے لیے تھانے جا پہنچی اور کہا کہ اس کا شوہر اسے چاؤمین، برگر، ڈوسا اور پزا نہیں کھلاتا، اس کے خلاف شکایت درج کی جائے۔ یہ انوکھی شکایت سن پر پولیس بھی حیران رہ گئی اور معاملہ حل کے لیے فیملی کونسلنگ سینٹر بھیج دیا۔

جب خاتون نے یہی بات فیملی کونسل کے سامنے دہرائی تو اس کے اراکین بھی یہ سن کر ہنس پڑے۔

بعد ازاں کونسلرز نے دونوں میاں بیوی کو کاؤنسلنگ کے لیے بلایا اور انہیں رشتے کی نزاکت سمجھاتے ہوئے مشورے دیے۔

بالآخر یہ فیصلہ ہوا کہ شوہر ہفتے میں ایک بار بیوی کو فاسٹ فوڈ ضرور کھلائے گا۔ اس فیصلے کے بعد مذکورہ خاتون ہنسی خوشی اپنے شوہر کے ساتھ سسرال بھرت پور چلی گئی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں