پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر و معرُوف اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا کہ طلاق کے بعد سابق شوہر کے رویے میں مثبت تبدیلی آئی، اب بہترین والد اور نانا ہیں۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر و معرُوف اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے سابق شوہر اور معروف ٹی وی ڈائریکٹر اقبال انصاری کے ساتھ اپنی ماضی کی تلخ ازدواجی زندگی اور طلاق کے بعد ان کی شخصیت میں آنے والی نمایاں تبدیلیوں کے بارے میں کھلم کھلا گفتگو کی ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں بات کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا کہ شادی کے دوران انہیں ایک مشکل دور سے گزرنا پڑا جہاں گھر کی تمام تر ذمہ داریاں اور بچوں کی پرورش کا بوجھ اکیلے ان کے کندھوں پر تھا، اور انہیں اپنے شوہر کی جانب سے کسی قسم کا تعاون حاصل نہیں تھا۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے متعدد بار علیحدگی کا سوچا لیکن معافی تلافی اور رشتے کو سنبھالنے کی امید میں وہ رکتی رہیں۔ بشریٰ انصاری کے مطابق ان کے سابق شوہر ایک انتہائی ذہین ڈائریکٹر تھے، لیکن دونوں کی شخصیات اور محبت کے اظہار کے طریقے مختلف تھے۔
اپنے ہی ایک تحریر کردہ ڈرامے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر کی عدم تحفظ کی حس اور ان کی مقبولیت کے سایہ تلے دب جانے کا احساس تعلقات میں تلخی کی بڑی وجہ بنا۔
تاہم، سینئر اداکارہ نے بتایا کہ طلاق کے بعد اقبال انصاری کی شخصیت میں ایک بڑا اور مثبت دیکھنے کو ملا ہے۔
انہوں نے کہا بچپن میں بچوں کے نیپیز تبدیل کرنے سے لے کر پرورش کی تمام ذمہ داریاں میں نے خود اٹھائیں، لیکن طلاق کے بعد صورتحال بدل گئی ہے۔ اب وہ اپنی بیٹیوں اور نواسے نواسیوں کے بہت قریب ہیں اور ان کی دیکھ بھال کی تمام ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں۔
بشریٰ انصاری نے اپنے سابق شوہر کے اس نئے روپ کی تعریف کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ ان کی علیحدگی کے باوجود، دونوں نے اپنے بچوں اور خاندان کی خوشیوں کو ترجیح دی اور ایک دوسرے کے لیے احترام کا رشتہ برقرار رکھا ہے۔


