کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا پر اپنے نام سے بنائے گئے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے عوام سے پیسے بٹورنے کے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بشریٰ انصاری نے کہا کہ نامعلوم عناصر ان کی تصاویر استعمال کر کے خود کو بشریٰ انصاری ظاہر کرتے ہیں اور خیرات و فلاحی کاموں کے نام پر لوگوں سے رقم طلب کرتے ہیں۔
سینئر اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے کہا کہ سوشل میڈیا پر موجود متعدد جعلی آئی ڈیز ان کی نہیں ہیں اور عوام ان کے جھانسے میں نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ سستی اور گھٹیا حرکتوں کے ذریعے لوگوں کو بلیک میل کررہے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ کچھ جعلی اکاؤنٹس یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ کسی مذہبی دن کے موقع پر غریبوں کی مدد کی جا رہی ہے، جبکہ بعض افراد این جی او بنانے کے نام پر بیواؤں اور نادار افراد کی امداد کے لیے چندے کا تقاضا کرتے ہیں۔
سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ دنیا میں بیشرم لوگوں کی کوئی کمی نہیں جو اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ اس مسئلے پر پہلے بھی ویڈیوز کے ذریعے آگاہی دے چکی ہیں، لیکن اس کے باوجود جعلی اکاؤنٹس کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔
حنا خواجہ بیات شوہر کے آخری الفاظ کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں
اداکارہ نے واضح کیا کہ اگر وہ کبھی کسی کی مدد کرتی ہیں تو وہ ذاتی طور پر اور خاموشی سے کرتی ہیں اور انہوں نے کبھی سوشل میڈیا پر چندہ اکھٹا نہیں کیا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر کسی بھی مشہور شخصیت کے نام سے پیسے مانگنے والے اکاؤنٹس پر اندھا اعتماد نہ کریں۔


