اسلام آباد: رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ مجھے کامل یقین ہے بشریٰ بی بی عید سے پہلے اپنے گھر پر ہوں گی۔
عدت میں نکاح کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آج ہم نے اپنے دلائل مکمل کر لیے جبکہ درخواست گزار خاور مانیکا کے وکیل پیش نہیں ہوئے اور دوسری عدالت میں بیٹھے رہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ منگل کو دوبارہ سماعت ہوگی ہمیں اچھے آرڈر کی توقع ہے، ہم نے درخواست کی کہ پیر کو سماعت کریں لیکن جج صاحب نے منگل کو رکھی دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر مقدمات کی طرح اس کیس میں بھی کچھ نہیں ہے۔
قبل ازیں، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے کہا کہ ابھی تو اپیل کافی حد تک سنی جا چکی ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ عید بھی ہے اگر سزا معطل ہو جائے تو بشریٰ بی بی رہا ہو جائیں گی، یہ تو کوئی طریقہ نہیں کہ کہا جائے راجہ رضوان فری بیٹھے ہوئے تھے، سزا معطلی کی حد تک وہ دلائل دے سکتے تھے لیکن جان بوجھ کر نہیں آئے۔
جج شاہ رخ ارجمند نے کہا کہ شکایت کنندہ کی سائیڈپر پہلا دن ہے ان کو بھی سن لیتے ہیں۔ اس پر وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عید سر پر کھڑی ہے بشریٰ بی بی کو رہا کر سکتے ہیں، آج کا ٹائم رکھ لیں ایسا کیا ہوا کہ رضوان عباسی واپس نہیں آ سکتے؟
انہوں نے کہا کہ ایک خاتون کی سزا آج کیوں نہیں ختم ہو سکتی؟
وکیل عثمان گل نے کہا کہ پراسیکیوٹر رانا حسن عباس موجود ہیں، نوٹس سرکار کو بھی دیا گیا تھا، رضوان عباسی موجود نہیں تو پراسیکیوٹر تو موجود ہیں، سزا معطل کی درخواست پر فیصلہ عید سے پہلے دیا جائے۔
بعدازاں، عدالت نے کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت 9 اپریل تک ملتوی کر دی۔