اسلام آباد : تاجر عامراعوان قتل کیس میں دہشت گردی کی دفعات کااضافہ کردیا تاہم تمام 5 ملزمان کو 9 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں قتل ہونے والے تاجر عامر اعوان کے کیس میں اہم قانونی موڑ سامنے آیا۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔
پراسیکیوٹر راجہ نوید حسین نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان کا پہلے 13 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہو چکا ہے، تاہم اب دہشت گردی کی دفعات شامل ہونے کے بعد ملزمان سے مزید تفتیش اور پوچھ گچھ درکار ہے۔
پراسیکیوشن کی جانب سے ملزمان کے 20 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی، جس پر عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد تمام 5 ملزمان کا 9 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ تفتیش مکمل کر کے ملزمان کو دوبارہ پیش کیا جائے۔
یاد رہے کہ تاجر عامر اعوان کے قتل کا مقدمہ تھانہ شہزاد ٹاؤن میں درج ہے اور پولیس اس کے مختلف پہلوؤں پر باریک بینی سے تحقیقات کر رہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


