اسلام آباد : تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت پر الزامات لگانے والوں کے پاس قانونی راستہ موجود ہے انصاف عدالتوں سے ملے گا، نیب ایکٹ اسمبلی نے منظور کیا تھا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فرخ حبیب نے کہا کہ قانون سازی کرنا ہی پارلیمان کا بنیادی مقصد ہے، پی اے سی پارلیمنٹ کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل کمیٹی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن نے لچک دکھا کر کمیٹیوں پر ڈیڈ لاک کو ختم کیا، یکطرفہ کمیٹیاں بنانے سے پارلیمنٹ کی خوبصورتی مکمل نہیں ہوپاتی، شہباز شریف کو کیسزکا سامنا ہے مگر اسمبلی کارروائی آگے بڑھانی ہے، ن لیگ دور کے پیراز کو شہباز شریف چیئر نہیں کریں گے، پارلیمان کی مضبوطی کیلئے تمام جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ حکومت پر الزامات لگانے والوں کے پاس قانونی راستہ موجود ہے انصاف عدالتوں سے ملے گا، نیب ایکٹ اسمبلی نے منظور کیا تھا ان کا کام احتساب کرنا ہے، سیاسی انتقام کا الزام لگانے والوں کی ضمانتیں بھی منظور ہوئی ہیںَ
فرخ حبیب نے کہا کہ اگر کوئی وزیر احتساب کی بات کرے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ نیب کا ترجمان ہے، ہمارے کئی لوگوں کی تحقیقات ہورہی ہیں مگر کبھی نہیں کہا کہ سیاسی انتقام لیا جارہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک سے فرار اسحاق ڈار معیشت پر باہر بیٹھ کر بیانات دے رہے ہیں، میڈیا آزاد ہے کسی کو گرفتار کیا جاتا تو میڈیا پر الیکشن سے پہلے ہی آجاتا، لاہور کے عوام نے ضمنی الیکشن میں بھی پی ٹی آئی پر اعتماد کا اظہار کیا اور ن لیگ کی سیاست کو مسترد کیا ہے۔