بدھ, اپریل 15, 2026
اشتہار

ضمنی انتخابات میں فارم 45 پہلے سے تیار ہونے کے الزام پر الیکشن کمیشن کا ردعمل

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (30 نومبر 2025): الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات مین فارم 45 پہلے سے تیار ہونے کا الزام غلط اور بے بنیاد قرار دے دیا۔

ضمنی انتخابات کے حوالے سے ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مخصوص عناصر انتخابی عمل کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 ہری پور میں آر او اور ڈی آر او کی تعیناتی قانونی اختیار کے تحت ہوئی لہٰذا الزامات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں، عام انتخابات میں عملے کی کمی کے باعث آر اوز اور ڈی آر اوز کی تعیناتی ممکن نہیں ہوتی لیکن ضمنی انتخابات میں ضرورت کے مطابق افسران تعینات کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخابات میں کامیاب امیدواروں کا نوٹیفیکیشن جاری

الیکشن کمیشن نے کہا کہ پولنگ ڈے سے پہلے کسی جماعت نے آر اوز اور ڈی آر اوز پر اعتراض نہیں اٹھایا، ہارنے کے بعد الزامات لگانا افسوسناک ہے۔

’تنازعات کے حل کیلیے قانونی فورمز ہیں میڈیا پر الزام تراشی غلط ہے۔ آر او نے درخواست نہیں لی تو فریقین کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنا چاہیے تھا۔ ضمنی الیکشن میں پریزائیڈنگ آفیسرز اور عملہ صوبائی انتظامیہ نے فراہم کیا تھا۔ خیبر پختونخوا میں وفاقی ملازمین کو لگانا چاہتے تو لگا سکتے تھے مگر نہیں لگایا۔ پولنگ بیگز اور نتائج صوبائی عملے نے آر او کے دفتر میں جمع کروائے، ضمنی الیکشن میں سکیورٹی بھی صوبائی حکومت نے فراہم کی۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ ہر انتخاب کے بعد ایک جیسے الزامات دہرانے کا مقصد انتخابی عمل کو مشکوک بنانا ہے، الیکشن کے نتائج پر اعتراض ہے تو فورم الیکشن ٹریبونل ہے، الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات آئین و قانون کے مطابق کروائے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں