کراچی : سندھ کے 9 اضلاع کی مختلف 19 لوکل کونسل کی خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات 17 مئی ہوں گے ، جس کے لئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے 9 اضلاع کی مختلف 19 لوکل کونسل کی خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات 17 مئی 2026 کو منعقد ہوں گے۔
ابتدائی طور پر یہ ضمنی بلدیاتی انتخابات 18 اضلاع کی 63 مختلف نشستوں پر ہونا تھے، تاہم 40 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جبکہ 4 نشستوں پر کاغذاتِ نامزدگی جمع نہیں کروائے گئے
مجموعی طور پر اب کل 19 خالی نشستوں پر پولنگ کا عمل ہوگا، ضمنی بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور پولنگ عملے کی تربیت کا مرحلہ بھی مکمل ہوچکا ہے
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی مانیٹرنگ ٹیمیں اپنے متعلقہ حلقوں میں انتخابی عمل کی مؤثر نگرانی کر رہی ہیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے تمام ڈپٹی کمشنرز / ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور متعلقہ ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ضمنی بلدیاتی انتخابات کے صاف، شفاف، پُرامن اور آزادانہ انعقاد کے لیئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں


