اسلام آباد :پاکستان نے امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی جانب سے عالمی ہوا بازی میں ایک درجہ تنزلی کے بعد ریٹنگ میں دوبارہ ایک درجہ واپسی کے لیے کوششیں تیز کردیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کیجانب سے عالمی ہوا بازی میں پاکستان کی ایک درجہ تنزلی کے معاملے پر پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی متحرک ہوگئی۔
پاکستان کی ریٹنگ دوبارہ سے ایک درجہ واپسی کیلئے کوششیں تیز کردیں، سیکریٹری ایوی ایشن و ڈی جی سی سی اے اے حسن ناصر جامی نے ایف اے اے، کینیڈین ایوی ایشن اور اکاوٴ کے سیکریٹری جنرل اور دیگر کو بھی خطوط لکھ دیئے۔
جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی ایوی ایشن کی جانب سے سیفٹی معیار پر جو خدشات ہیں انہیں جلد دور کردیا جائے گا، قوی امید ہے کہ پاکستان کی ریٹنگ کیٹیگری 1(ون)میں واپس شامل کرلی جائے گی۔
پاکستان کی سول ایوی ایشن نے ہمیشہ عالمی ہوا بازی کے قوانین پر مکمل عملدرآمد کئے ہیں۔
سینئرجوائنٹ سیکریٹری ایوی ایشن عبدالستار کھوکھرنے اے آروائی نیوز کو بتایا کہ سول ایوی ایشن جلد ہی یورپی سیفٹی ایوی ایشن اور ایف اے اے کے تمام خدشات کو جلد دور کریں گے۔
عبدالستار کھوکھ کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن اکاوٴ بین الاقوامی سطح پر سیفٹی ، ایئر کرافٹ آپریشن اور مینٹننس کے معیار پر مکمل عملدرآمد کرتی ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی سیفٹی معیار اکاوٴ کے طے کردہ معیار کے مطابق مزید بہتری لارہی ہے جبکہ اصلاحاتی عمل اور عالمی معیار کے مطابق بہتری لائی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی ادارے ایف اے اے نے 15جولائی کو پاکستان کی ایک درجہ تنزلی کردی تھی