جنوبی وزیرستان (11 نومبر 2025) کیڈٹ کالج وانا میں موجود تمام طلبہ اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کو سیکیورٹی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جنوبی وزیرستان میں کیڈٹ کالج وانا میں موجود تمام طلبہ اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام طلبہ اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کرنے کے بعد اب دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جامع طریقے سے حتمی انجام کو پہنچایا جائیگا اور آخری خوارج کو جہنم واصل کرنے تک سیکیورٹی آپریشن جاری رہے گا۔
ریسکیو کے عمل کو جامع طریقے سے حتمی انجام تک پہنچایا گیا ہے۔ ریسکیو کیے جانے والے تمام طلبہ اور اساتذہ کے حوصلے بلند ہیں۔
فرنٹیئر کور کے پی ساؤتھ کیڈٹ کالج میں آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ تین خوارج جو گزشتہ روز ایڈمن بلاک تک پہنچ گئے تھے، ان کو ایک بلاک تک محدود کر دیا گیا ہے۔
کالج کے ملحقہ علاقے میں بھی سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے تاکہ وہاں اگر ان کے ساتھی یا ہینڈلر موجود ہوں تو ان کو بھی جہنم واصل کر دیا جائے۔
گزشتہ روز جب دہشتگردوں نے کیڈٹ کالج پر حملہ کیا اور بارود سے بھری گاڑی گیٹ سے ٹکرائی تھی، تو سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو افغان خارجیوں کو جہنم واصل کیا تھا۔
جس وقت حملہ کیا تو اس وقت کالج میں 525 طلبہ سمیت 650 افرد موجود تھے۔


