سیکورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران کیڈٹ کالج وانا پر حملہ آور تمام خوارج کو جہنم واصل کر کے کالج کو کلیئر قرار دے دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وانا کیڈٹ کالج پر حملہ کرنے کی کوشش کرنے والے دہشتگردوں کو کامیاب آپریشن کر کے ہلاک کر دیا گیا۔
کالج کی بلڈنگ کو بارودی سرنگوں کے خطرے کی وجہ سے کلیئر کیا جا رہا ہے اور کامیاب آپریشن میں کیڈٹ کالج کے کسی طالبعلم یا استاد کو نقصان نہیں پہنچا۔
جنوبی وزیرستان میں کیڈٹ کالج وانا میں موجود تمام طلبہ اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔
فرنٹیئر کور کے پی ساؤتھ کیڈٹ کالج میں آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ تین خوارج جو گزشتہ روز ایڈمن بلاک تک پہنچ گئے تھے ان کو ایک بلاک تک محدود کر کے ہلاک کیا گیا۔
کالج کے ملحقہ علاقے میں بھی سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے تاکہ وہاں اگر ان کے ساتھی یا ہینڈلر موجود ہوں تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
گزشتہ روز جب دہشتگردوں نے کیڈٹ کالج پر حملہ کیا اور بارود سے بھری گاڑی گیٹ سے ٹکرائی تھی، تو سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو افغان خارجیوں کو جہنم واصل کیا تھا۔
جس وقت حملہ کیا تو اس وقت کالج میں 525 طلبہ سمیت 650 افرد موجود تھے۔
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں


