کراچی : کیمبرج انٹرنیشنل نے ریاضی کے بعد کمپیوٹر سائنس کا پرچہ بھی وقت سے پہلے آؤٹ ہونے کی تصدیق کردی اور کہا کہ یہ پرچے دوبارہ نہیں لیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کیمبرج انٹرنیشنل نے پاکستان میں اے اور اے ایس لیول کے پرچوں کے لیک ہونے اور امتحانات کی منسوخی کے حوالے سے طلبہ اور اسکولوں کے لیے انتہائی اہم گائیڈ لائنز اور پالیسی جاری کر دی ہے۔
کیمبرج کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ ای میل میں یہ سنسنی خیز انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ ریاضی کے بعد اب کمپیوٹر سائنس کا پرچہ بھی وقت سے پہلے آؤٹ ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔
کیمبرج پاکستان کی کنٹری ہیڈ عظمیٰ یوسف نے بتایا کہ پرچوں کے لیک ہونے کے معاملے پر اعلیٰ سطح کی تحقیقات جاری ہیں اور بورڈ امتحانات کی شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ یا کوتاہی نہیں ہونے دے گا۔
کیمبرج نے باقاعدہ تصدیق کی ہے کہ 12 مئی کو لیا جانے والا AS Level Computer Science Paper 12 (9618/12) سخت امتحانی ضوابط کے برعکس وقت سے پہلے شیئر ہو چکا تھا۔ اس سے قبل صرف ریاضی کے پرچے آؤٹ ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔
کیمبرج انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ 12 مئی کو آؤٹ ہونے والے کمپیوٹر سائنس اور ریاضی کے یہ پرچے دوبارہ نہیں لیے جائیں گے، بلکہ طلبہ کو متبادل طریقہ کار کے تحت نمبر دیے جائیں گے۔
کیمبرج کے سینئر اسسمنٹ ماہرین نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان بھر کے تمام امیدواروں کے لیے ریاضی پرچہ 52 اور کمپیوٹر سائنس پرچہ 12 کے لیے "اسیسڈ مارکس” کا طریقہ کار استعمال کیا جائے گا۔
اس طریقے میں آؤٹ ہونے والے پرچے کے نمبروں کو یکسر نظر انداز کر دیا جائے گا۔ اس کے بجائے، ہر طالب علم کی کارکردگی کا اندازہ ان کے دوسرے مکمل کیے گئے کمپونینٹس (پرچوں) کے مارکس کا سہارا لے کر لگایا جائے گا اور اسی بنیاد پر نمبر مقرر ہوں گے۔
یہ طریقہ کار عام طور پر تب استعمال ہوتا ہے جب کوئی طالب علم کسی جائز لیکن ناگزیر وجہ (جیسے بیماری یا اچانک حادثے) کے باعث امتحان نہ دے سکا ہو۔
کیمبرج کی ای میل کے مطابق، 13 مئی کو احتیاطی تدابیر کے طور پر ملتوی کیا جانے والا A Level Mathematics Paper 32 (9709) اب جون 2026ء سیریز کے شیڈول کے مطابق پیر 8 جون کو منعقد کیا جائے گا۔
کیمبرج انٹرنیشنل نے اپنے بیان میں سخت موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی افراد یا مافیا خفیہ امتحانی مواد کو شیئر کرنے، چوری کرنے یا اس کا غلط استعمال کرنے میں ملوث پائے گئے، ان پر تاحیات امتحانی پابندیاں عائد کی جائیں گی اور قانونی چارہ جوئی ہوگی۔
کیمبرج کا مزید کہنا تھا کہ امتحانی سیکیورٹی کے مسائل آج کل کسی ایک بورڈ تک محدود نہیں رہے بلکہ یہ دنیا بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکے ہیں۔
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں


