کراچی (13 مئی 2026): برٹش کونسل کے تحت ہونے والے کیمبرج امتحانات میں پرچہ آؤٹ ہونے کے معاملے پر والدین نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے برٹش کونسل کو ای میل ارسال کر دی ہے۔
بزنس اسٹڈیز (9609/22) کا پرچہ امتحان شروع ہونے سے تین گھنٹے قبل ہی لیک ہو گیا تھا۔ والدین کی جانب سے ای میل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ امتحانی پرچوں کی فروخت واٹس ایپ گروپس اور ریڈٹ پر جاری ہے، جب کہ بروقت اطلاع دیے جانے کے باوجود تاحال اس پر کوئی ٹھوس کارروائی سامنے نہیں آ سکی۔
والدین نے کہا کہ اس صورت حال کے باعث سخت محنت کرنے والے طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے اور برٹش کونسل فوری نوٹس لے۔
متاثرہ طالبہ نے کہا ’’میرا مستقبل اور یونیورسٹی داخلہ ان امتحانات پر منحصر ہے، انصاف کیا جائے۔‘‘ والدین کے مطابق پرچے لیک ہونے سے متعلق تمام شواہد برٹش کونسل کو ای میل کے ذریعے ارسال کر دیے گئے ہیں۔
کیمبرج انٹرنیشنل کا ریاضی اور فزکس کا پرچہ لیک ہوگیا
دوسری جانب برٹش کونسل نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ امتحانات کی سیکیورٹی اس کی اوّلین ترجیح ہے اور تمام شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر جانچا جاتا ہے۔
جوابی ای میل میں کہا گیا کہ معاملہ متعلقہ امتحانی بورڈ کو جائزے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے، جب کہ پیپر لیک سے متعلق الزامات کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے۔
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں


