کراچی (7 مئی 2026): کیمبرج انٹرنیشنل نے پرچہ لیک ہونے پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اے ایس لیول میتھ 9709/12 کا امتحانی پرچہ منسوخ کر دیا۔
اس بارے میں کیمبرج انٹرنیشنل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ لیک ہونے والا میتھ پیپر نتائج کیلیے استعمال نہیں ہوگا، اے ایس لیول میتھ 9709/12 کا امتحان دوبارہ لیا جائے گا جو 9 جون 2026 کو ہوگا۔
کیمبرج انٹرنیشنل نے کہا کہ پیپر لیک کی تحقیقات شروع کی گئیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون جاری ہے، اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: کیمبرج نے ریاضی کا پیپر لیک ہونے کو تسلیم کر لیا
شفاف اور منصفانہ نتائج کی فراہمی کا عزم کرتے ہوئے کیمبرج انٹرنیشنل نے کہا کہ امتحانی مواد شیئر کرنے والوں پر مستقل پابندی لگ سکتی ہے، متاثرہ علاقوں کے تمام امیدوار دوبارہ امتحان دیں گے، طلبہ اور اسکولوں سے کوئی اضافی فیس نہیں لی جائے گی، 11 اگست 2026 کو نتائج جاری کرنے کی تاریخ برقرار ہے۔
کیمبرج انٹرنیشنل نے طلبہ کو باقی امتحانات پر توجہ دینے کی ہدایت کر دی۔
بیان میں کہا گیا کہ اسکولوں کو 15 مئی تک مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی، جعلی پیپر لیک مافیا بھی سرگرم ہے، سوشل میڈیا پر پیپر فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
کیمبرج انتظامیہ نے امتحانی نظام کی شفافیت برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں


