اتوار, اگست 16, 2026
اشتہار

سینیٹ کمیٹی میں کیمبرج پیپر لیک کا معاملہ زیرِ بحث، تحقیقات جلد مکمل کرنے کی ہدایت

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : کیمبرج امتحانات کا پیپر لیک ہونے کا معاملہ بھی سینیٹ کمیٹی میں زیر بحث آگیا، جس پر کمیٹی نے این سی سی آئی کو کیمبرج پیپر لیک کی تحقیقات جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کا اجلاس چیئرپرسن بشریٰ انجم بٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں کیمبرج امتحانات کے مبینہ پیپر لیک، تعلیمی اداروں میں پلیجرزم کی روک تھام اور سرکاری اسکولوں میں طلبہ سے ڈونیشن وصول کرنے کے معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پلیجرزم کی روک تھام پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تین ماہ کے اندر تمام تعلیمی بورڈز سے مشاورت مکمل کر کے عملدرآمد کا جامع منصوبہ تیار کر لیا جائے گا۔

ایچ ای سی حکام نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ پلیجرزم کے خاتمے کے لیے کمیٹی کی ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے گا۔

چیئرپرسن بشریٰ انجم بٹ نے کہا کہ پلیجرزم سے طلبہ اور پورے تعلیمی نظام پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، اس لیے اس کی مؤثر روک تھام ناگزیر ہے۔

اجلاس میں کیمبرج امتحانات کے مبینہ پیپر لیک کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، جہاں متاثرہ طلبہ نے کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر اپنا مؤقف بیان کیا۔

طلبہ نے بتایا کہ نیشنل کرائسس اینڈ کرائم انویسٹی گیشن اس معاملے کی گہرائی سے تحقیقات کر رہی ہے اور وہ ادارے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

قائمہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ این سی سی آئی کیمبرج پیپر لیک کی تحقیقات جلد از جلد مکمل کرے، اس معاملے کی وجہ سے طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے۔

آئی بی سی سی کے ڈائریکٹر نے بریفنگ میں بتایا کہ پیپر لیک کے حوالے سے 17 مختلف کمپوننٹس کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے، تاہم اب تک کسی بھی کمپوننٹ نے باضابطہ طور پر پیپر لیک ہونے کی تصدیق نہیں کی۔

اجلاس میں سرکاری اسکولوں میں طلبہ سے ڈونیشن لے کر مرمت کرانے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ بشریٰ انجم بٹ نے کہا کہ پیرا نے ڈونیشن جمع کرنے کی اجازت دی ہے، تاہم سرکاری اسکولوں میں بچوں سے نقد ڈونیشن لینا حیران کن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے پر وزارت سے جواب طلب کیا جائے گا، جبکہ آئندہ اجلاس میں متعلقہ سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کو بھی طلب کیا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں