کراچی : کیمبرج اے لیول کے نتائج 2026 کا اعلان کردیا گیا ، طلبا نتیجہ آن لائن بھی چیک کر سکتے ہیں۔
کیمبرج انٹرنیشنل کی جانب سے پاکستان بھر میں جون 2026ء کی امتحانی سیریز کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
اس سیریز میں پاکستان کے 850 سے زائد اسکولوں کے 1 لاکھ سے زائد طلبہ نے امتحانات دیے تھے۔ پاکستان میں کیمبرج اے ایس اے لیول، او لیول اور آئی جی سی ایس ای کے امتحانات منعقد ہوئے، جن میں طلبہ کے درمیان فزکس، میتھمیٹکس، بزنس، کیمسٹری اور کمپیوٹر سائنس سب سے مقبول مضامین رہے۔
عالمی سطح پر کیمبرج کے اے ایس اور اے لیول کے نتائج جاری کر دیے گئے ہیں، جن میں 3 لاکھ 68 ہزار طلبہ شامل ہیں۔
جب کہ کیمبرج آئی جی سی ایس ای اور او لیول کے نتائج 18 اگست کو جاری کیے جائیں گے، جن سے دنیا بھر کے 3 لاکھ 15 ہزار طلبہ مستفید ہوں گے۔
کیمبرج حکام کا کہنا ہے کہ اے لیول کے امتحانات طلبہ کو اعلیٰ تعلیم اور مستقبل کے کیریئر کے لیے مکمل طور پر تیار کرتے ہیں۔
کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس اور اے لیول دنیا بھر کی ممتاز جامعات میں تسلیم شدہ ہیں، یہی وجہ ہے کہ 2025ء کے دوران اے لیول کے 98 فیصد طلبہ کو برطانوی جامعات سے داخلے کی آفرز موصول ہوئیں۔
نتائج چیک کرنے کا طریقہ
طلبہ اپنے اے ایس اور اے لیول کے نتائج کیمبرج انٹرنیشنل کی سرکاری ویب سائٹ (https://myresults.cie.org.uk/cie-candidate-results/login) پر جا کر آن لائن دیکھ سکتے ہیں
۔


