اشتہار

کینیڈا کی مستقل رہائش حاصل کرنا ہوا آسان! پاکستانیوں کے لیے بڑا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

اونٹاریو : کینیڈا  نے  2026 سے 2028 کے دوران 11 لاکھ 40 ہزار افراد کو مستقل رہائش دینے کے منصوبے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کینیڈا نے 2026 سے 2028 کے دوران مجموعی طور پر 11 لاکھ 40 ہزار افراد کو مستقل رہائش (پرمننٹ ریزیڈنسی) دینے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

موجودہ امیگریشن پلان کے تحت ہر سال 3 لاکھ 80 ہزار افراد کو مستقل رہائش دی جائے گی۔

یہ اہداف نومبر 2025 میں جاری کیے گئے کینیڈا کے امیگریشن لیولز پلان 2026-2028 کا حصہ ہیں، یعنی یہ مستقل رہائش کے لیے کسی نئے اضافے کا اعلان نہیں ہے۔

منصوبے کے تحت 2026 میں معاشی امیگریشن کے تحت 2 لاکھ 39 ہزار 800 افراد کو مستقل رہائش دینے کا ہدف ہے، جبکہ فیملی اسپانسرشپ کے لیے 84 ہزار اور پناہ گزینوں سمیت محفوظ افراد کے لیے 49 ہزار 300 نشستیں مختص ہیں۔ انسانی ہمدردی اور دیگر زمروں کے لیے 6 ہزار 900 نشستیں رکھی گئی ہیں۔

2027 اور 2028 میں معاشی امیگریشن کے تحت مستقل رہائش کے اہداف بڑھا کر 2 لاکھ 44 ہزار 700 سالانہ کیے جائیں گے، جبکہ فیملی اسپانسرشپ کا ہدف کم کرکے 81 ہزار سالانہ کردیا جائے گا۔ تاہم مجموعی سالانہ ہدف 3 لاکھ 80 ہزار برقرار رہے گا۔

پاکستانی درخواست گزاروں کے لیے یہ بات اہم ہے کہ یہ اہداف پورے کینیڈا کے لیے ہیں، پاکستانیوں کے لیے مخصوص کوٹہ یا ویزا کی ضمانت نہیں۔ درخواست گزاروں کو متعلقہ امیگریشن پروگرام کی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔

دوسری جانب کینیڈا 2026 میں نئے عارضی رہائشیوں کی آمد کا ہدف 3 لاکھ 85 ہزار سے کم کرکے 2027 اور 2028 میں سالانہ 3 لاکھ 70 ہزار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

کینیڈا کا اگلا امیگریشن پلان، جو 2027 سے 2029 کے عرصے کا احاطہ کرے گا، یکم نومبر 2026 تک پیش کیا جانا ہے۔ وزیراعظم مارک کارنی نے مستقبل میں امیگریشن میں محدود اضافے کے امکان کا عندیہ دیا ہے، تاہم مستقل رہائش کے اہداف میں تبدیلی کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں